از سلیمان اشفاق چوہدری
حاجی صاحب کی تیمارداری کے لیے حاضر ہوا
حاجی صاحب کی صحت پہلے سے بھتر محسوس ہو رہی تھی۔
چہرہ پہ بیماری اور کمزوری کے آثار ابھی باقی تھے۔
میں نے حاجی صاحب سے حال احوال پوچھا۔
حاجی صاحب نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ہر طرح کی خیریت کے کلمات ادا کر کے ہمارے اطمینان قلب کو جلا بخشی۔
میں اجازت طلب نظروں سے ان کی جانب دیکھ رہا تھا۔
تھوڑی دیر کی تیمارداری کے بعد میں نے اجازت طلب کی ہی تھی کہ حاجی صاحب نے میری کلائی کو پکڑا بیٹھنے کا کہا اور ہلکا ہلکا زیر لب مسکراتے اور کھانستے ہوئے کہا کہ آپ کی ڈیوٹی لگانا چاھتا ہوں۔
میں نے حاجی صاحب کی آنکھوں میں جھانکا
مجھے وہاں ڈھیر ساری اپنائیت میں ان کا مجھ پہ حق دعویٰ نظر آیا۔
میں بیٹھ گیا اور راقم اس رقمطراز کے ذریعے حاجی صاحب کا پیغام اپنے الفاظ میں معاشرہ میں موجود ذمہ داران تک پہنچا رہا ہے۔
حاجی صاحب کی شہر میں گارمنٹس کی دکانیں ہیں اور اپنا کاروبار ہے۔
گاؤں سے شہر کی مسافت 30 کلومیٹر ہے
شروع شروع میں مین شاہراہ پہ ایک پلاٹ تھا جس پہ چندہ باکس پڑا ہوا ہوتا تھا ۔
چندہ برائے مدرسہ و مسجد
مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے
حاجی صاحب روزانہ اس باکس میں اپنا حصہ ڈالتے رہتے۔
پلاٹ پہ بنیادیں پلر پھر گرے سٹرکچر تیار ہو گیا۔
حاجی صاحب نے اپنا حصہ روزانہ کی بنیاد پہ دگنا پہنچانا شروع کر دیا۔
دیکھتے دیکھتے چند سال میں دو منزلہ عظیم الشان عمارت تیار تھی۔
مسجد کمیٹی کے چیئرمین حاجی صاحب کے تعاون کی مثال دے کر لوگوں کو ترغیب دیتے۔
پھر ایک دن علی الصبح اچانک حاجی صاحب کی پیٹ میں درد اٹھا۔
وہ درد سے کراہتے کراہتے شہر چیک اپ کےلیے روانہ ہوئے۔
بیماری کی وجہ سی انہیں رفع حاجت پیش آئی
اتفاقاً گاڑی اس نو تعمیر مدرسہ کے سامنے پہنچ گئی۔
مسجد کے بڑے دروازے کو باہر سے تالا اور چھوٹے دروازے کو اندر سے کنڈی لگی ہوئی تھی۔
تیسری دستک پہ مدرسہ کے امام صاحب باہر آئے اور پوچھا کہ کیا معاملہ ہے۔۔؟
بیٹے نے بتایا کہ حاجی صاحب بیمار ہیں اور انہوں نے واش روم استعمال کرنا ہے۔
امام صاحب نے کھڑاک سے دوبارہ کنڈی لگا دی اور دروازے کی بالائی سلاخوں سے جھانک کر غصے میں کہا
یہ واش روم نمازیوں کےلیے ہیں۔مسافروں کےلیے نہیں۔
حاجی صاحب کی نظر بے بسی میں باھر پڑے چندہ باکس پہ پڑی اور حاجی صاحب نے بھی سوچا کہ
اس پہ بھی تحریر ہونی چاھیے تھی کہ
نمازی حضرات تعاون فرمائیں۔۔۔۔ مسافر چندہ دینے کی زحمت نہ فرمائیں۔

